ایل او سی پر اشتعال انگیزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ایل او سی پرجارحیت: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی،پاکستان کابھارت سے احتجاج
ایل او سی پرجارحیت: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی،پاکستان کابھارت سے احتجاج

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، ترجمان نے کہا ہےکہ بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔

ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بھارتی افواج نے 6 اور 7 اکتوبر کو  ایل او سی پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی، ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے کاکوتا کی رہائشی 69 سالہ بزرگ خاتون نذیراں بیگم شہید ہوگئی تھیں، فائرنگ سے 3 معصوم شہری زخمی بھی ہوئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو خود کار اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی طرف سے سنہ 2017 سےجنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے۔ بھارت نے سنہ 2017 میں 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

 بھارتی افواج کا بے گناہ شہریوں کوجان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے ،جنگ بندی کی خلاف ورزیاں  علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

دفتر خارجہ  ترجمان نے کہاکہ  بھارت کی یہ خلاف ورزیاں کسی سنگین اسٹریٹجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں،بھارت 2003ء کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے،بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر کاربند رہ کر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان  نے کہا کہ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات یقینی بنائے اوراقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے دے۔

Related Posts