تل ابیب: حماس کے حملوں کے دوران بالی ووڈ فلم ”سونو کے ٹیٹو کی سویٹی“ سے شہرت پانے والی اداکارہ نشرت بھروچا اسرائیل میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نشرت بھروچا نے اسرائیل میں 39ویں حائفہ عالمی فلم فیسٹیول میں شرکت کیلئے اسرائیل پہنچنے کا فیصلہ کیا تھا، ان کی حالیہ فلم ”اکیلی“ ایوارڈ کیلئے منتخب کرلی گئی تاہم اداکارہ کی ٹیم نے میڈیا کو حقائق سے آگاہ کردیا۔
نشرت بھروچا کی ٹیم کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے اداکارہ اپنے وطن واپس نہیں پہنچ سکیں اور گزشتہ روز 12 بج کر 30 منٹ پر ان سے رابطہ ہوا جب وہ تہہ خانے میں پھنسی ہوئی تھیں۔ آج اداکارہ اسرائیلی ائیرپورٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں۔
خیال رہے کہ نشرت بھروچا کی فلموں میں ڈریم گرل، جنت میں جاری اور پیار کا پنچ نامہ شامل ہیں۔ ٹیم کا کہنا ہے کہ نشرت بھروچہ بحفاظت بھارت آجائیں گی جن کی وطن واپسی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ جلد ہی اسرائیل سے اڑان بھریں گی۔
اس سے قبل اداکارہ نشرت بھروچا کا کہنا تھا کہ فلم ”سونو کے ٹیٹو کی سویٹی“ کے فوراً بعد میں نے ایک بڑے فلم ساز کے پراجیکٹ میں کام سے انکار کردیا تھا اور ان کا یہ بیان بھی ریکارڈ پر ہے کہ وہ فلم اسٹوڈنٹ آف دی ائیر کے آڈیشن میں بھی شریک ہوئی تھیں۔