اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے نمائندہ اور مندوب ذوالقرنین چھینہ نے بھارت کی بوکھلاہٹ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کا ذکر تک کرنےسے کترا رہا ہے اور آنکھ بند کرکے آر ایس ایس کے نظرئیے پر چل رہا ہے۔
ذوالقرنین چھینہ نے کہا کہ سفاک مودی حکومت مظلوم کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کے ظالمانہ رویے کو پوری دنیا کے سامنے واضح کردیا۔ آج سیکولر بھارت کا نظریہ گاندھی کے قاتلوں کے ہاتھوں اپنی موت آپ مر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر پر اقوام عالم کو کامیاب پیغام رسانی پر وزیر اعظم کا خدا سے اظہارِ تشکر
آر ایس ایس کے حوالے سے پاکستانی مندوب ذوالقرنین چھینہ نے کہا کہ یہ نظریہ اس قدر شدت پسندانہ اور تشدد سے بھرپور ہے کہ خود بھارت میں بھی اس پر تین بار پابندی لگائی گئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جو کچھ کشمیر میں ہو رہا ہے، کیا بھارت وہ عالمی مبصرین کو دکھانے کا حوصلہ رکھتا ہے؟
ذوالقرنین چھینہ کا کہنا تھا کہ بھارت خوفزدہ ہے کہ مظلوم کشمیریوں کو اگر زبان مل گئی تو وہ اقوام عالم میں سے کسی کو نظر اٹھا کر دیکھ نہیں سکے گا۔ پاکستان میں ہم نے ایک بھارتی جاسوس کو پکڑا جس نے دہشت گردی کا انکشاف کیا لیکن ہم نے اس کا کیس عالمی قوانین کے تحت رکھا۔ کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں متعدد افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔
یاد رہے کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370اے کے غیر قانونی طور پر ختم کیے جانے کے بعد نافذ کردہ کرفیو 56ویں روز میں داخل ہوچکا ہے جبکہ مظلوم کشمیریوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہے اور مواصلات کا نظام معطل ہے۔
کشمیری حریت رہنما زیادہ تر قید میں اور گرفتار ہیں یا پھرانہیں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ کشمیر میں موبائل فون، ٹی وی اور انٹرنیٹ سمیت تمام تر ذرائع ابلاغ بدستور معطل ہیں جبکہ قابض بھارتی فوج کی طرف سے وادی میں ٹرانسپورٹ کا نظام بھی مسلسل بند ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کرفیو کا آج 56واں دن، ٹرانسپورٹ اور نقل و حمل پر پابندی