اسلام آباد: برفباری اور بارش کے بعد ملک بھر میں سردی کی شدت میں تیزی دیکھی جارہی ہے جبکہ کراچی میں 3 روز تک درجۂ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لیہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 14 ریکارڈ کیا گیا، قلات میں منفی 11 اور کوئٹہ میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ کراچی میں مسلسل تیسرے روز کم سے کم درجۂ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
صوبہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کردی گئی۔ گوجرہ اور گردونواح بھی دھند کی لپیٹ میں ہے۔
ایم 4 موٹر وے کو بھی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ملتان، حافظ آباد، بہاولپور اور دیگر شہروں میں بھی شدید دھند کے باعث شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ شہر قائد میں سال نو کا آغاز شدید سردی سے ہو، سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ریکارڈ کیا گیا۔ شہرقائد میں رواں سال کا آغاز 10 سالہ سردی کا ریکارڈ ٹوٹنے سے ہوا۔
یکم جنوری کے روز ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت 10 سالوں میں کم ترین رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سائبیرین ہواؤں نے شہر کے موسم کو مزید سرد بنادیا۔جمعہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ریکارڈ ہوا۔
مزید پڑھیں: شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ، 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا