وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے کیوبا کے نائب صدر نے ملاقات کی جس کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مسئلۂ کشمیر پر گفتگو ہوئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز وزیر اعظم سے کیوبا کے نائب صدر رابرٹو اوجیڈا نے ملاقات کی جس کے دوران پاک کیوبا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقعے پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کیوبا کے مابین سیاسی و معاشی تعلقات استوار کرنے پر اتفاق کیا جبکہ کیوبن وفد نے پاکستان میں صحت اور تجارت کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں جبکہ پاکستان کے عوام کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاسترو کا بہت احترام کرتے ہیں۔عالمی برادری کو مظلوم کشمیریوں کی تحریکِ آزادی میں ساتھ دینا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کیوبا کے نائب صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و ستم اور بھارت کی جارحیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے مسائل کا حل چاہتا ہے۔ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا بھرپور مقابلہ کیا جائے، کیونکہ اس سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کی جس میں فضل الرحمان کے مارچ کے حوالے سے حکومتی مؤقف پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: آزادی مارچ کا بھرپور مقابلہ کیا جائے۔وزیر اعظم کی ترجمانوں کو ہدایت