ڈالر کی حد بندی کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد، آئی ایم ایف کا مشن 9 ویں اقتصادی جائزے کے لیے آج رات پاکستان پہنچے گا جو 1.1 بلین ڈالر کی انتہائی ضروری اگلی قسط کے لیے راہ ہموار کرے گا۔وفد 10 روز تک پاکستان میں قیام کرے گا۔
آئی ایم ایف نے ابھی تک 1.1 بلین ڈالر کی اہم قسط کے اجراء کی منظوری نہیں دی ہے، 2019 میں حاصل کردہ 6 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ کی قسط گزشتہ سال نومبر میں ملنی تھی۔
معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر 9 فروری تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو بھی جاتا ہے اور اسلام آباد اپنے وعدوں پر عمل کرتا ہے تو بھی اگلی قسط مارچ کے آخر تک نہیں مل سکتی۔
روپے کی بے قدری کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی 265 روپے کی ریکارڈ سطح پر گر گئی۔ آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ ایک منی بجٹ لائے جس میں ایسے اقدامات شامل ہوں جو بھاری ٹیکسوں کو یقینی بنائے۔ ان اقدامات میں پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی کی شرح میں اضافہ، تمباکو، شوگر ڈرنکس پر ٹیکس اور کمرشل بینکوں پر ٹیکس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 4 ماہ کی غلط حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک کو کم برآمدات اور کم غیر ملکی ترسیلات زر کی صورت میں 3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔اگر خراب فیصلہ سازی نہ ہوتی تو معیشت کو درپیش اضافی دباؤ سے بچا جا سکتا تھا۔ ایسا تب ہوتا ہے جب پالیسی سازی اعداد و شمار اور زمینی حقائق کے بجائے سیاسی نظریات اور خواہش مندانہ سوچ پر مبنی ہو۔
آئی ایم ایف وفد کا کامیاب دورہ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے، ملک ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے توازن کے بحران کا سامنا کر رہا ہے اور اپنے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تین ہفتوں سے بھی کم کے درآمدی احاطہ کے ساتھ، بیرونی امداد حاصل کرنے کے لیے بے چین ہے۔