اسلام آباد: پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2 ارب 77 کروڑ ڈالر کا غیر مشروط قرض آج جاری کیا جائے گا جبکہ رکن ممالک کیلئے 650 ارب کا پروگرام بھی شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے رکن ممالک کیلئے 650 ارب ڈالر قرض کا پروگرام آج سے شروع کیا جارہا ہے جس کا مقصد معاشی بدحالی پر قابو پانا ہے۔
رکن ممالک کیلئے 650 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے متعلق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مالیاتی فنڈ ایگزیکٹو بورڈ نے ممبر ممالک کو کورونا پر قابو پانے کیلئے 650ارب ڈالر قرض کی منظوری دی۔
پروگرام کے تحت پاکستان کو آج آئی ایم ایف سے 2 ارب 77 کروڑ ڈالر قرض غیر مشروط طور پر مل جائے گا۔ وزارتِ خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج یہ رقم مرکزی بینک میں منتقل ہوجائیگی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق 2 ارب 77 کروڑ ڈالر کے غیر مشروط قرض کی بدولت پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر بلند سطح پر پہنچ جائینگے اور معاشی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مقیم نمائندہ ٹریسا ڈبن سنچے نے کامیاب جوان پروگرام میں پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی قابلِ تعریف کارکردگی کا اعتراف کرلیا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے مقیم نمائندہ ٹریسا ڈبن سنچے کی وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار سے 5 اگست کو ملاقات اور کامیاب جوان پروگرام پر سیرحاصل گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں: کامیاب جوان پروگرام، آئی ایم ایف کا حکومت کی کارکردگی کا اعتراف