اسلام آباد: حکومت نے شہر اقتدار میں جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور اسامہ ندیم ستی کے قتل کے بعد عامر ذوالفقار کو ہٹا کر قاضی جمیل الرحمان کوآئی جی اسلام آباد تعینات کردیا۔
قاضی جمیل الرحمان خیبر پختونخوا میں خدمات انجام دے رہے تھے، حکومت نے قاضی جمیل الرحمان آئی جی اسلام آبادتعینات کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے عامر ذوالفقار کو شہر اقتدار میں جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور اسامہ ندیم ستی کے قتل کے بعد عوامی دباؤ کے بعد تبدیل کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد کیلئے سابق آئی جی سندھ و موجودہ آئی جی موٹر وے پولیس ڈاکٹر کلیم امام کا نام لیا جارہا تھا تاہم قرعہ فال قاضی جمیل الرحمان کے نام نکلا۔
مزید پڑھیں:اسامہ قتل کیس، گرفتار کیے گئے 5 پولیس اہلکاروں کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
یاد رہے کہ اِس سے قبل پولیس کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نوجوان کی پولیس فائرنگ میں ہلاکت کی انکوائری کریں گے۔
گزشتہ روز کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انکوائری رپورٹ 5 دن میں جمع کروائیں گے۔اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان کی ہلاکت معمہ بن گئی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق نوجوان کو 22 گولیاں ماری گئی ہیں۔