گڈز ٹرانسپوٹرز نے تھوک و پرچون کے کرایوں میں  25 سے 30 فیصد اضافہ کردیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گڈز ٹرانسپوٹرز نے تھوک و پرچون کے کرایوں میں  25 سے 30 فیصد اضافہ کردیا
گڈز ٹرانسپوٹرز نے تھوک و پرچون کے کرایوں میں  25 سے 30 فیصد اضافہ کردیا

کراچی: ملک بھر میں تیل کی قیمتوں میں  اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپوٹرزنے کرایوں میں  25فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے، کرایوں  میں اضافہ 10نومبر سے ہی نافذ العمل کردیا گیا۔

کراچی گڈز کیئریئر ایسوسی ایشن کے ممبران کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد ایسوسی ایشن پردباؤ بڑھایا گیا تھا کہ وہ بھی کرایوں کی مد میں اضافہ کریں،تاہم ایسوسی ایشن کی جانب سے بیانات اور حکومت اور اپوزیشن کے معاملات کو دیکھتے ہوئے اضافے کافیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے کراچی گڈز کیئریئر ایسوسی ایشن کے ممبران کا اجلاس ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بعض ممبران کا کہنا تھا کہ جس طرح پٹرولیم مصنوعات می قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اسی طرح قیمتوں میں  100فیصد اضافہ کیا جائے جس کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ فی الوقت 25فیصد کرایوں میں اضافہ کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگرحکومت نے دوبارہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو اس کے بعد دوبارہ پھر قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا، اجلاس میں اکثر ممبران، ٹرانسپوٹرز حکومتی اقدامات سے نالاں نظر آئے اور ٹرانسپوٹرز کا کہنا تھا حکومت نے غریب کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے اور اب مجبور ہو کر ہم کرایوں میں صرف 25فیصدا ضافہ کررہے ہیں۔

مذکورہ کرایوں میں اضافے کا اطلاق تھوک اور پرچوں کے مال کی ترسیل پر یکساں نافذ العمل ہو گا۔مذکورہ کرایوں کے اضافے کے حساب سے کراچی سے لاہور کے لئے 10ٹن مال کی سپلائی کا کرایہ 143750ہو گا۔

ادھر سندھ گڈز ٹرک ٹرالر اونر ایسوسی ایشن کے نائب صدر حمید بلوچ نے بھی اجلا س کے بعد فیصلہ کیا ہے پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بعد اسپیئر پارٹس اور ٹائروں سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے یکم نومبر سے پر چوں کے کرایوں میں  30فیصد اضافہ کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: گڈز ٹرانسپوٹرز کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر احتجاج کا عندیہ

ٹرانسپوٹرز رہنما فضل منان جدون کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے غریب عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے، حکومت نے مہنگائی بڑھانے کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، ہر چیز کی قیمتیں بڑھا کر لوگوں کو پتھر کے دور میں پہنچایا جارہا ہے،اس لئے مجبور ہو کر ہم نے کرایوں میں اضافہ کیا ہے تاکہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے نہ ہوں۔

Related Posts