اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کل دو روزہ دورے پر امریکہ روانہ ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 17 اور 18 مئی کو امریکہ کا دورہ کریں گے اور کل امریکہ کے لئے روانہ ہوں گے۔
اس حوالے سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ امریکہ کا دورہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی دعوت پر کر رہے ہیں، وزیر خارجہ 18 مئی کو عالمی تحفظ خوراک بین ا لوزراتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دورہ امریکہ کے دوران وزیر خارجہ امریکی ہم منصب سمیت متعدد امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ کے دوران پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے، افغانستان میں قیام امن اور پاکستان کی امداد کی بجائے تجارت پر بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہم نے نالائق وزیراعظم کو گھر بھیج دیا ہے، حکومت گرانے کی سازش وائٹ ہاؤس نے نہیں، بلاول ہاؤس نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی اماراتی صدر سے ملاقات، شیخ خلیفہ بن زید کے انتقال پر تعزیت