دفترِ خارجہ نے زلفی بخاری کے دورۂ اسرائیل سے متعلق افواہوں کی تردید کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دفترِ خارجہ نے زلفی بخاری کے دورۂ اسرائیل سے متعلق افواہوں کی تردید کردی
دفترِ خارجہ نے زلفی بخاری کے دورۂ اسرائیل سے متعلق افواہوں کی تردید کردی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری کے دورۂ اسرائیل سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی دورہ نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے سابق معاونِ خصوصی کے مبینہ دورہ اسرائیل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے 18 دسمبر 2020 کوبھی ایسی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا تھا،ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہماری پالیسی دوٹوک ہے۔

دوسری جانب سابق معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے بھی ایسی خبروں کی تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیرون ملک قیام کے دوران انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا اور وزیراعظم کا پیغام اہم اسرائیلی شخصیت کو پہنچایا۔

حیرت انگیز طور پریہ دوسرا موقع ہے جب زلفی بخاری نے اسرائیل کا دورہ کرنے سے متعلق رپورٹس کی تردید کی، گزشتہ برس دسمبر میں سابق معاونِ خصوصی نے اسی طرح کی رپورٹس مسترد کردی تھیں جن میں اسرائیل کے دورے کا دعویٰ کیا گیا۔

مذکورہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ زلفی بخاری نے نومبر 2020 میں تل ابیب ایئرپورٹ پر اسرائیلی حکام سے ملاقات کی، انہیں اسرائیلی وزارت خارجہ لے جایا گیا جہاں انہوں نے متعدد سیاسی عہدیداران اور سفارتکاروں سے ملاقات بھی کی۔

رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ زلفی بخاری نے معاونِ خصوصی کی حیثیت سے وزیر اعظم کا پیغام اسرائیلی حکام تک پہنچایا جبکہ یہ معاملہ عبرانی اخبار اسرائیل ہائیوم میں شائع ہونے کے بعد آج ایک مرتبہ پھر منظر عام پر آگیا ہے۔

مذکورہ افواہوں میں اسلام آباد کے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مبینہ دورے کا ذکر کیا گیا ہے، اور دعویٰ کیا گیا کہ زلفی بخاری نے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے سربراہ یوسی کوہن سے ملاقات کیلئے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ 

اسلام آباد کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ایسی خبریں اسرائیلی ملٹری سینسر کی اجازت کے بعد شائع کی گئیں تاہم زلفی بخاری نے کہا کہ مذاق کی بات ہے کہ پاکستانی اخبار اسرائیلی نیوز ذرائع کی بنیاد پر کہہ رہا ہے کہ میں اسرائیل گیا۔

زلفی بخاری نے کہا کہ اسرائیلی اخبار بھی پاکستانی ذرائع کی بنیاد پر کہہ رہا ہے کہ میں نے اسرائیل کا دورہ کیا، یہ خیالی پاکستانی ذریعہ کون سا ہے؟،بظاہر صرف میں وہ شخص تھا جو کسی الزام سے بچا ہوا تھا۔حکومت نے یہ الزامات سختی سے مسترد کردئیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر جو بائیڈن کا  اسرائیلی ہم منصب کی میزبانی کا فیصلہ

Related Posts