کراچی: مچھلی کے شکار کے لئے گئے سمندر سے 4بھینسیں پکڑ لائے،کراچی کے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری میں ماہی گیروں نے سمندر میں بہہ جانے والی 4 بھینسوں کو کشتی میں ریسکیو کر لیا۔
مچھلی کے شکار کے لیے جانے والی کشتی کو کھلے سمندر میں بھینسیں تیرتی دکھائی دیں، ماہی گیر بھینسوں کو کشتی میں ڈال کر ابراہیم حیدری کی ساحلی پٹی پر لے آئے۔
ترجمان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق 3 دن پہلے کیٹی بندر سے 4 بھینسیں سمندر میں بہہ گئی تھیں، چاروں بھینسیں ان کے مالک کرم خان کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ ماہی گیروں کو سمندر میں مچھلی کی جگہ بھینسیں مل گئیں، ماہی گیروں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اگر ہم انہیں ریسکیو نہ کرتے تو یہ بھینسیں مر جاتیں۔