ایف بی آر نے ہدف سے زائد ریونیو حاصل کرلیا، جولائی تا جنوری 6.5 فیصد اضافہ ریکارڈ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ایف بی آر کا پروفیشنلز پر اضافی ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ
ایف بی آر کا پروفیشنلز پر اضافی ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے دوران ہدف سے زائد ریونیو حاصل کیا ہے ، جولائی 2020ء تا جنوری 2021ءکے دوران حاصل کردہ ریونیو میں 6 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے جولائی سے لے کر جنوری تک کے عرصے کے دوران ہدف سے زائد ریونیو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران 2 ہزار 550 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا تھا۔

ہدف سے زائد وصولی ممکن بناتے ہوئے ایف بی آر نے جولائی سے جنوری تک 2 ہزار 570 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 31 جنوری تک ٹیکس محاصل میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ایف بی آر نے ہدف کے مقابلے میں 20 ارب سے زائد رقم ٹیکس کی مد میں وصول کی۔ 

دسمبر کے دوران ٹیکس وصولی کا ہدف 340 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا جس کے مقابلے میں ایف بی آر نے 363 ارب روپے جمع کیے۔ اس طرح 23 ارب روپے ہدف سے زائد ٹیکس ریونیو ایک ماہ کے عرصے میں حاصل ہوا جبکہ جولائی تا جنوری ٹیکس ریونیو میں 6 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا۔

جنوری 2021ء میں ٹیکس محاصل میں 12 اعشاریہ 6 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔ موجودہ مالی سال کا مجموعی ٹیکس ہدف 4 ہزار 963 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ 7 ماہ کے دوران انکم ٹیکس محاصل میں 5 اعشاریہ 2 فیصد اضافہ ہوا۔ٹیکس محاصل کی مد میں 945 ارب روپے جمع کیے گئے۔

ایف بی آر نے سیلز ٹیکس ہدف سے 75 ارب روپے زیادہ جمع کیے، یعنی 1 ہزار 75 ارب روپے جمع ہوئے۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 5 فیصد زائد یعنی 149 ارب روپے وصول ہوئے۔ اس دوران 128 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے گئے۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران دسمبر میں ریونیو کی سطح بلند ترین رہی۔

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 29 روز قبل کہا کہ رواں مالی سال کے دوران جولائی سے لے کر دسمبر تک 102 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے گئے تھے۔  ایف بی آر نے جولائی سے دسمبر تک ریونیو کے اعدادوشمار بھی جاری کیے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پہلے 6 ماہ میں دسمبر کے دوران ریونیو بلند ترین سطح پر رہا۔ایف بی آر

Related Posts