وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ آزادی مارچ پاکستان تحریک انصاف کی مضبوطی کا باعث بنا، جبکہ مولانا فضل الرحمان جلد احتجاج سے دستبردار ہو کر جانے والے ہیں۔
دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام کی پالیسیوں اور سوچ میں فرق پایا جاتا ہے۔فضل الرحمان 20 سے 25ہزار لوگ لا کر 22کروڑ عوام کا فیصلہ نہیں کرسکتے جبکہ ہم مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے کہا کہ ہر انسان کا حق ہے کہ وہ اپنی خواہشات کو عملی جامہ پہنائے اور ہر دل میں خواہشیں ہوتی ہیں لیکن خواہشات پر ملک نہیں چلائے جاسکتے، مولانا کا جانا ایک خوش آئند بات ہے جبکہ عمران خان اقوامِ متحدہ میں اسلام کا جھنڈا بلند کرنے والے پاکستانی وزیر اعظم ہیں۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ معاشی اعتبار سے ملک مشکلات کا شکار تھا اور ہم دیوالیہ ہونے والے تھے جب وزیر اعظم عمران خان نے باگ ڈور سنبھالی اور ملک کو مسائل اور بحرانوں سے نکالا۔ مسئلۂ کشمیر پر اس سے قبل کسی نے اس سطح پر آواز بلند نہیں کی جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے پوری دنیا میں مسئلۂ کشمیر کو اجاگر کردیا جس کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے نام پر کرائے کے احتجاجی لے کر حکومت گرانے کی کوشش کی، لیکن اسے گراتے گراتے خود گر گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے احتجاج کرنے والے لا کر وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو مزید مضبوط کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: کرائے کے احتجاجی حکومت گراتے گراتے خود گر گئے۔فیصل واؤڈا