جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے شرکاء کو لے کر لاہور کی طرف روانہ ہوچکے ہیں جبکہ روانگی سے قبل مولانا نے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔
اتوار کے روز کراچی سے شروع ہونے والا آزادی مارچ آج صبح 4 بجے ملتان پہنچا جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کی۔
یہ بھی پڑھیں: کیار طوفان: کراچی کے علاقے مبارک ولیج کے مکانات سمندری پانی میں بہہ گئے
وزیراعظم عمران خان پر تنقید کے ساتھ ساتھ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے شرکاء کو اپنا مینڈیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس مینڈیٹ نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ مینڈیٹ وہی ہے جو یہاں سب کو دکھائی دے رہا ہے۔
آزادی مارچ کو جہاد قرار دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اسلام آباد ایک مقدس جہاد کا حصہ بننے جا رہے ہیں تاکہ حکمرانوں کی حقیقت سب کو بتا دیں۔ پاکستان کی موجودہ حکومت جعلی حکمرانوں پر مشتمل ہے۔
حکومت پر کڑی تنقید کرنے والے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ احتجاج کا حق آئینِ پاکستان ہمیں دیتا ہے۔ اگر ہمارے آئینی حق پر کسی نے انگلی اٹھائی یا اسے چھیڑا تو حکمران ذمہ دار ہوں گے۔
لگے ہاتھوں ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے والے تاجروں کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم ہڑتال کرنے والے تمام تاجروں کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت کے محکمہ داخلہ نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر حملے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔
پروونشل انٹیلی جنس سینٹر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس سے حکومت پنجاب کو بھی آگاہ کردیا گیا۔
تھریٹ الرٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان پر بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ اور افغان ایجنسی ’این ڈی ایس‘ جان لیوا حملہ کرسکتے ہیں جبکہ ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ نے ٹارگٹ کلرز سے رابطہ کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں: محکمہ داخلہ نے مولانا فضل الرحمان پر حملے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کردیا