وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) رہنماؤں کے درمیان سیاسی چپقلش سنگین رُخ اختیار کر گئی جبکہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کے خلاف تحریکِ استحقاق جمع کروا دی ہے۔
قومی اسمبلی میں جمع کروائی گئی تحریکِ استحقاق میں فواد چوہدری نے کہا کہ سینئر رہنما خواجہ آصف نے حکومتی نمائندوں کے بیان کو غلط انداز میں اور توڑ مروڑ کر پیش کیا جو نواز شریف کے متعلق حکومتی مؤقف تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے حکومتی رِٹ قائم کرنے کا مشورہ نہ مان کر عقلمندی کا ثبوت دیا۔شجاعت حسین
تحریکِ استحقاق کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت پر حکومتی نمائندوں کے مؤقف کو غلط رنگ دیا گیا جبکہ عدالتی فیصلے میں بھی اس کی صراحت موجود ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کو عدالتی فیصلے کے مطابق نواز شریف کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں، اس کے باوجود خواجہ آصف کے الفاظ نے ہم سے ”نواز شریف کو مرنے دو“ جیسے الفاظ منسوب کیے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما خواجہ آصف کی غلط بیانی کے باعث ایوان کا استحقاق مجروح ہوا جس پر قومی اسمبلی کے فلور پر بحث کرانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔
تحریکِ استحقاق کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق اس لیے دی کہ انہوں نے جھوٹ بولا۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ تحریکِ استحقاق جمع کروانے کا مقصد یہ ہے کہ آئندہ کوئی قومی اسمبلی میں جھوٹ بولنے کی جرات نہ کرے، میڈیا میں جھوٹ بولنا عام بات ہے لیکن ایوان کو بھی مذاق بنایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف کیخلاف ایوان میں جھوٹ بولنے پر تحریک استحقاق اس لئے دے رہا ہوں کہ آئندہ کوئ اس سے ایوان میں جھوٹ بولنے کی جراࣿت نہ کرے پہلے میڈیا میں آ کر جھوٹ بولنا ایک عام سی بات ہے اور یہ لوگ ایوان کو بھی مذاق بنا رہے ہیں۔ pic.twitter.com/mbccNhFxAd
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 16, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے سیاسی کردار پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار ختم ہوچکا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مشہور مغربی ڈرامہ نگار شیکسپیئر کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کو ایک اسٹیج قرار دیا جہاں لوگ کردار ادا کرنے آتے ہیں۔
مزید پڑھیں: فواد چوہدری کا نواز شریف اور آصف علی زرداری کے سیاسی کردار پر دلچسپ تبصرہ