وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اُردو کی اہمیت سے ناواقفیت پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک طالب علم پر شدید تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شب اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک طالب علم کو جاہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک تقریر سنی جس میں کہا گیا کہ اُردو ہم پر مسلط کردی گئی ہے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے طالب علم کی تقریر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے طالب علم کو واپس اسکول میں داخل کروا دینا چاہئے جسے اُردو کی چاشنی کے بارے میں کچھ علم نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جو لوگ خطے میں اُردو کی اہمیت سے واقف نہیں، ان کی بنیادی تعلیم میں کمی ہے اور جن کی بنیاد اتنی کمزور ہو، ان کی ڈگری کا اچار ڈالنا ہے؟
ایک تقریر سنی ایک جاھل کہ رہا ہے اردو ہم پر مسلط کر دی ایسے طالبعلم کو واپس سکول میں داخل کرانا چاہئے جس کو اردو کی چاشنی ہی نہیں پتہ ،جو اس خطہ میں اردو کی اہمیت سے ہی واقف نہیں اس کی بنیادی تعلیم ہی میں کمی رہ گئ اور جس کی بنیاد ہی اتنی کمزور ہو اس کی ڈگری کا اچار ڈالنا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 1, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اداروں کے درمیان نئے میثاق کی ضرورت ہے اور ان کو اختیارات کی لڑائی نہیں لڑنی چاہیے۔
انہوں نے گزشتہ روز کہا کہ اپوزیشن کو نظر انداز کرکے نہیں چلا جاسکتا، اتفاق رائے کے بغیر معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے، چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت میں معاملہ آسانی سے طے ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں: اداروں کے درمیان نئے میثاق کی ضرورت ہے۔ فواد چوہدری