پولیس پر تشدد میں ملوث مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ فواد چوہدری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس پر تشدد میں ملوث مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تحریکِ لبیک کے پنجاب سے 2 ہزار 359، کے پی کے سے 370 جبکہ سندھ سے 285 مظاہرین کو شرپسندانہ سرگرمیوں کے باعث حراست میں لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہروں میں پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے 2 اہلکار شہید جبکہ 673 زخمی ہوئے۔ 2 اہلکاروں کو اغواء کر لیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں 3 جبکہ سندھ میں 12 اہلکار زخمی ہوئے۔

وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو طاقت کے دم پر بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، پولیس اور اداروں پر تشدد میں ملوث مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ شرپسند عناصر اپنے مذموم ارادوں میں ناکام ثابت ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے بہترین حکمتِ عملی سے ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہرے ناکام بنائے۔ عوام نے رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے روز نماز پر امن ماحول میں ادا کی۔ 3 گھنٹوں کیلئے سوشل میڈیا کی بندش پر معذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے امن و امان کے قیام کیلئے وزارتِ داخلہ، مذہبی امور، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور صوبائی حکومتوں کے کردار کو سراہا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کیلئے وزیرِ اعظم کی عالمی سطح پر کاوشیں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں 30 ارب کے 10ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے