سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈکااعلان، فواد عالم کی 10سال بعد واپسی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کااعلان کردیاجب کہ فواد عالم کی 10 سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ سیریز کی واپسی ہورہی ہے، سری لنکا ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آ رہا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں کی ہیں بلکہ ہم انہیں لڑکوں کو موقع دینا چاہتے ہیں اور ٹیم میں صرف 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتےہیں ہم نے میچ وننگ ٹیم بنائی ہے اور ٹیم منتخب کرنے کے لیے ہم نے کافی مشاورت کی ہے،مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی شامل ہیں۔

انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا بھی اعلان کیا۔ اسکواڈ میں 10 سال بعد فواد عالم کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔ اسکواڈ میں اظہر علی کپتان، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، محمد عباس اور محمد رضوان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 5 کے کھلاڑیوں کی ڈارفٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا

کاشف بھٹی، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری بھی اسکواڈ میں شامل ہیں،مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فواد عالم بہت اچھی فارم میں ہیں، عثمان شنواری بولنگ میں بہتری لا رہے ہیں۔ محمد موسیٰ ٹیم کے ساتھ ہوں گے، اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ باؤلنگ کے لحاظ سے ہم تھوڑی جدوجہد کررہے ہیں اور عثمان شنواری کی فارم اس حوالے سے بہت اچھی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے سب کی رائے ہے کہ عثمان شنواری کی انرجی اور باؤلنگ بہت زبردست رہی ہے اس لیے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مصباح کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ان کھلاڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں جو میچ ونر ہوتے ہیں، پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ بہت لمبے عرصے بعد کھیلتی ہے۔ کھلاڑی کو پرفارمنس کے لیے وقت چاہیئے ہوتا ہے۔ ایسا نہیں کہ میں بیٹھا رہوں اور قومی ٹیم کا ستیاناس ہوجائے۔

واضح رہے سری لنکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر کو راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔