کراچی: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 71ویں برسی قوم نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ بابائے قوم کی کروڑوں مسلمانوں کے ہمراہ سیاسی جدوجہد 14 اگست 1947ء کو رنگ لائی اور پاکستان ایک عظیم ترین اسلامی ملک کی صورت میں دنیا کے نقشے پر اُبھرا۔
قائد اعظم 11 ستمبر 1948ءکو اپنی وفات کے دن تک ملک خداداد پاکستان کے گورنر جنرل رہے۔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت اور ولولہ انگیز جدوجہد کا ثمر ہے۔ قوم رہتی دُنیا تک بابائے قوم کے احسانِ عظیم کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ ہر سال 11 ستمبر کا دن قائد اعظم کی برسی کے طور پر منایا جاتا ہے اور پوری قوم روحِ قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
بانی پاکستان کی برسی کے موقعے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مزارِ قائد پر حاضر ہوئے اور قائداعظم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقعے پر فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ ملکی یکجہتی و سلامتی کے لیے خصوصی دُعائیں بھی کی گئیں۔پاک بحریہ کے خصوصی دستوں نے وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ کو سلامی پیش کی۔ صوبائی وزراء سعید غنی اور جام اکرام اللہ کے ساتھ ساتھ چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور،وزیراعلیٰ پنجاب کاہیلی کاپٹرمیں سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اپنے عروج پر ہے۔ پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہر قاد کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں قائم کی گئی کمیٹی 10 سے 12 دن میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد کراچی کے مسائل میں کمی آئے گی۔ ہمارا 18ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کے دوران کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پوری قوم میں اتحاد و اتفاق پایا جاتا ہے۔ ہم مسئلہ کشمیر کے حل تک چین سے نہیں بیٹھ سکتے۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی مظالم اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو ظلم بھارت نے کشمیریوں پر کیا ہے، روئے زمین پر اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاکستانی قوم یک زبان ہو کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی مشیرخصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ غاصب فوج کے بدترین محاصرے اور کرفیو کے باوجود باہر نکل کر کشمیریوں نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سنت کو زندہ کیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب یزید کی طرح بھارت اور ظالم مودی بھی عبرت کا نشان بنے گا اور کشمیر آزاد ہوگا۔ حسینیت کے علمبرداروں نے بھارتی جبر کو للکارا ور حق و سچ پر ڈٹے رہنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: عزاداروں پرحملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے،فردوس عاشق اعوان