کابل: افغانستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے باعث انسانی حقوق کی سرگرم کارکن فرشتہ کوہستانی بھائی سمیت جاں بحق ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ افغانستان کے صوبہ کپیسا میں پیش آیا جہاں ضلع کوہستان میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے افغان سماجی کارکن فرشتہ کوہستانی کی جان لے لی جبکہ واقعے میں ان کا بھائی بھی جاں بحق ہوگیا۔
اب تک کسی بھی متحارب یادہشت گرد گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، فرشتہ کوہستانی کے بھائی کو زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکے، افغان پولیس کے مطابق فرشتہ کوہستانی کے بھائی بھی جاں بحق ہو گئے ہیں۔
نامعلوم افراد نے گزشتہ روز فرشتہ کوہستانی اور ان کے بھائی پر دوپہر کے وقت فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔ افغان وزارتِ داخلہ نے فرشتہ کوہستانی کی وفات کی تصدیق کردی ہے۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ہمارے انٹیلی جنس یونٹ نے فرشتہ کوہستانی کیس پر کام شروع کردیا ہے۔ ذمہ داروں کو جلد گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
BREAKING: Female Afghan activist, Freshta Kohistani, killed along with her brother in central Kapisa province, security source tells 1TV pic.twitter.com/6RPZi6K6ZA
— 1TVNewsAF (@1TVNewsAF) December 24, 2020
اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں فرشتہ کوہستانی نے 11 روز قبل کہا تھا کہ مجھے سنگین دھمکی دی گئی ہے جبکہ افغان حکام کو چاہئے کہ دھمکیوں کے معاملے کو سنجیدہ سمجھیں اور مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان شوہر کا بیوی پر کنواری نہ ہونے کا الزام، سنگسار کرنیکا خدشہ