لاہور: پنجاب میں تیزی سے پھیلتے ہوئے آشوبِ چشم کے مرض کے باعث پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول راوی روڈ کا اچانک دورہ کیا اور حکومتی ہدایات کے باوجود آشوبِ چشم کے شکار طلبہ و طالبات کو اسکولوں میں حاضر دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔
نواز شریف کی وطن واپسی، قانون کے مطابق سلوک ہوگا۔ وزیر اعظم
نگران وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری اسکولز کو فوری طور پر طلب کرکے پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں میں جمعرات اور ہفتے کے روز چھٹی دینے کی ہدایت کی۔ طالبات نے اسکول میں روشنی اورپنکھے کم ہونے کی شکایت کی۔
پنجاب کی نگران حکومت نے کل جمعرات کو نجی اور سرکاری اسکولوں میں عام تعطیل کا حکم دے دیا۔ جمعہ کے روز عید میلاد النبی ﷺ کے موقعے پر چھٹی ہوگی۔ ہفتہ اتوار کی چھٹیوں کے بعد اسکول پیر کے روز کھلیں گے۔
پیر کے روز صبح کے وقت تمام اسکولوں کے باہر بچوں کو داخلے کے وقت اساتذہ کو چیک کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ آشوبِ چشم کی شکایت کی صورت میں بچوں کو واپس گھروں کو بھیج دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ چھٹی کا اطلاق پورے صوبے پر ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل محکمۂ تعلیم پنجاب نے آشوبِ چشم کے پھیلاؤ کے باعث صوبے بھر کے اسکولز کیلئے 3روز قبل الرٹ جاری کیا تھا۔ صوبے بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔
مراسلے میں بچوں کو آشوبِ چشم سے آگہی کیلئے اسکولوں میں زیرو پیریڈ لگانے کا فیصلہ سامنے آیا۔ تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کردی گئیں کہ آشوبِ دشم سے بچاؤ کیلئے محکمۂ صحت کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔