اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے دوران پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی اور فارن فنڈنگ کیسز کی سماعت 22 اپریل کو کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے دی گئی درخواست الیکشن کمیشن نے سماعت کیلئے منظور کر لی۔ الیکشن کمیشن نے پی پی پی رہنما یوسف گیلانی اور ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو نوٹسز جاری کردئیے۔
مذکورہ نوٹسز علی گیلانی کے ویڈیو کلپ سے متعلق کیس پر جاری کیے گئے جس میں علی گیلانی تحریکِ انصاف کے اراکینِ قومی اسمبلی کو یہ بتاتے دکھائی دے رہے ہیں کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ووٹ کیسے ضائع کیے جاتے ہیں۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 2 قانون ساز اراکینِ اسمبلی کو مدعا علیہ کی حیثیت سے کیس میں نامزد کرنے کی ہدایت کی جو ویڈیو میں موجود تھے۔ وکیلِ استغاثہ عامر عباس نے کہا کہ بدعنوان لوگوں کو پارلیمان میں داخلے سے روکنا کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
عامر عباس نے کہا کہ اگر کوئی شخص میڈیا کے سامنے اپنی بدعنوانی کا اعتراف کر لے تو اسے ثبوت سمجھنا چاہئے۔ ایسے میں ٹریبونل کے فیصلوں میں 4 سال دیر نہیں ہوگی۔ جب حقائق تسلیم کر لیے جایئں تو فارنسک تصدیق کی ضرورت نہیں رہتی۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس بھی زیرِ سماعت ہے جس میں کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے فیصلے کو چیلنج کردیا گیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ پارٹی کی مالیاتی دستاویزات خفیہ رکھی جاسکتی ہیں۔
فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے اسکروٹنی کمیٹی کے 9 فروری کے حکم نامے پر تنقید کی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ دستاویزات کو خفیہ رکھنا غیر قانونی ہے جس کا اسکروٹنی کمیٹی کو اختیار نہیں۔دونوں کیسز کی سماعت 22اپریل کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کے دورۂ لاہورکے بعد کمشنر لاہور کو تبدیل کردیا گیا