صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کاکہنا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے، کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور سے نہیں دبایا جا سکتا، مودی نےخودبھارت میں نسل پرستی کی آگ لگائی ہے۔
قومی پارلیمانی کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے5اگست کو غیرقانونی، غیرانسانی اور غیراخلاقی اقدام اٹھایا۔ بھارت ایک غیر ذمے دار ایٹمی طاقت ہے،آج بھارت گبھرایاہواہے، بھارت نےاپنےمیزائل سےاپناہی ہیلی کاپٹرگرادیا، بھارت وہم و گمان میں بھی پاکستان سےمقابلے کانہ سوچے۔
صدرعارف علوی کا کہناتھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے ہندو تعصب کو بھانپ کرالگ مملکت بنانے کا تہیہ کیا تھا، بھارت میں نریندر مودی نے نسل پرستی کی آگ بھڑکائی ہے۔
مزیدپڑھیں: بھارت مقبوضہ کشمیر میں کرفیوہٹاکرپرتشددکارروائیاں بند کرے،پارلیمانی کانفرنس
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرانے کے لیے کوشاں ہے، جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ میں کشمیر میں استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا تھا، کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پرنہیں دبایا جاسکتا، مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کیں۔
صدر مملکت کامزید کہناتھا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی کمیشن بھیجے، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے،ہر شخص موبائل فون کے ذریعے بھارتی مظالم دنیا تک پہنچائے۔
ان کامزیدکہناتھا کہ کشمیر آزادی کی طرف جارہاہے،چندسال میں پوراکشمیر ہی آزاد کشمیر کہلائے گا، بھارت آج اپنی ہی تاریخ سے جنگ کررہا ہے، بھارت نے آسام میں لاکھوں مسلمانوں کو شہریت سے محروم کردیا، بھارت میں کوئی کشمیر کی بات کرے تو اس کا جینا حرام کردیا جاتا ہے۔