وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت سے سزائے موت کا فیصلہ آنے کے بعد کہا ہے کہ ملک جوڑنے کے لیے گفتگو وقت کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وقت کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں، ایسے فیصلے جن سے فاصلے بڑھیں، ان کا کیا فائدہ؟
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ایسے فیصلوں سے تقسیم بڑھ سکتی ہے اور قوم اور ادارے تقسیم ہوسکتے ہیں جبکہ میں مسلسل کہہ رہا ہوں کہ گفتگو کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے گفت و شنید کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ نیو ڈیل کی طرف جائیے۔ ملک پر رحم کریں جبکہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
وقت کے تقاضے ہوتے ہیں ملک کو جوڑنے کی ضرورت ہے ایسے فیصلے جس سے فاصلے بڑھیں ، تقسیم بڑھے قوم اور ادارے تقسیم ہوں ان کا فائدہ ؟ مسلسل کہ رہا ہوں گفتگو کی ضرورت ہے نیو ڈیل (New Deal) کی طرف جائیں ایک دوسرے کو نیچا دیکھانا کسی کے مفاد میں نہیں، ملک پر رحم کریں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 17, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد جمہوریت بہترین انتقام کا پیغام دیا، جسے سزائے موت فیصلے کا ردِ عمل قرار دیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سزائے موت کے بعد: جمہوریت بہترین انتقام ہے۔بلاول