راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج صبح سویرے بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں مطلع ابر آلود ہے۔ صبح سویرے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔جڑواں شہروں کے علاوہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ 

پشاور، ایبٹ آباد اور طورخم میں بھی بادل برس پڑے۔ اوکاڑہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں بھی صبح کے وقت بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سوات میں بارش ہوئی تھی جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ پشاور میں بارش کا پانی باچا خان ائیرپورٹ میں داخل ہوگیا جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

قبل ازیں محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، شمال مغربی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ کل جمعرات کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم و خشک رہے گا، تاہم اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی سکھر اور لاڑکانہ میں بارش کی پیشگوئی