بالی ووڈ کی مشہور ومعروف اداکارہ دپیکا پڈوکون ایکشن سے بھرپور فلم ’سنگھم اگین‘ میں لیڈی پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہدایتکار روہت شیٹی کی فلم سنگھم کے تیسرے حصے میں لیڈی پولیس افسر کا بھی کردار شامل ہے جو کہ دپیکا پڈوکون نبھائیں گی۔
دیپیکا اس سیریز کی پہلی کوپ ہیروئن ہیں جس کی تصدیق بھارتی فلم نقاد ترن آدرش نے بھی کی ہے۔
IT’S OFFICIAL… ROHIT SHETTY – DEEPIKA PADUKONE – ‘SINGHAM AGAIN’… #RohitShetty announces his lady #Singham… #DeepikaPadukone to be a part of #SinghamAgain, making her the first lady cop of #RohitShetty‘s popular Cop Universe. pic.twitter.com/RtaOx0jHDD
— taran adarsh (@taran_adarsh) December 8, 2022
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر اور پروڈیوسر روہت شیٹی کی سنگھم کے پچھلے دو حصوں میں اجے دیوگن نے بطورِ کوپ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
روہت شیٹی کی ایکشن فلم ’سنگھم‘ کو 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں اجے دیوگن نے پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا اور اس فلم کو بہت پسند کیا گیا تھا۔
پہلی فلم کی کامیابی کے بعد سیریز کی دوسری فلم ’سنگھم رٹرنز‘ کو 2014 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس میں بھی اجے دیوگن ایکشن میں دکھائی دیے تھے۔
اب ہدایت کار نے 8 سال بعد سیریز کی تیسری فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’سنگھم اگین‘ میں لیڈی سنگھم کا کردار بھی شامل کیا جائے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ سنگھم سیریز کی تیسری فلم میں اکشے کمار کے ’سوریا ونشی‘ اور رنویر سنگھ کے ’سمبا‘ کے کردار کو بھی مختصر طور پر دکھایا جائے گا، کیوں کہ مذکورہ دونوں فلمیں بھی روہت شیٹی نے بنائی تھیں اور دونوں فلمیں پولیس افسران پر بنی ہوئی ہیں۔