پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی بابر اعظم کا کرکٹ کیرئیر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Babar Azam is likely to leave Karachi Kings before next season

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

گزشتہ روز کراچی کنگز کے اوپنر بیٹسمین بابر اعظم نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا جبکہ بابر اعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور عالمی کرکٹ کے شاندار بیٹسمین کی حیثیت سے بھی متعدد اعزازات اپنے نام کرچکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بابر اعظم کے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کے ریکارڈ کو عارضی بھی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ بابر اعظم سے قبل یہ اعزاز کامران اکمل کے پاس تھا جو 1537 رنز بنا چکے ہیں اور بابر اعظم نے 1540 رنز بنا کر اعزاز اپنے نام کیا۔

پشاور زلمی کے کھلاڑی کامران اکمل کیلئے 3 رنز اسکور کرنا کوئی اہم بات نہیں ہے، اس لیے بابر اعظم کے ریکارڈ کو عارضی قرار دیا گیا، تاہم یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ کامران اکمل نے مذکورہ 1537 رنز 55 اننگز میں بنائے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 48 میچز کھیل کر ان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ آئیے بابر اعظم کی دیگر کامیابیوں کا مختصر جائزہ لیتے ہیں۔

کپتان بابر اعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں کارکردگی

اگر ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی بات کی جائے توبابر اعظم نے 77 میچز کھیلے اور 75 بار بیٹنگ کی۔ 3 ہزار 580 رنز بنائے،بابر اعظم کا سب سے اچھا اسکور 125 ہے اور انہوں نے 55 اعشاریہ 94 کی ایوریج سے بیٹنگ کی۔ اسٹرائیک ریٹ 87 اعشاریہ 87 ہے۔ اب تک 312 چوکے اور 34 چھکے لگا کر 12 سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

ٹیسٹ کیرئیر کی بات کی جائے تو بابر اعظم نے 31 میچز میں 57 بار بیٹنگ کی، 2 ہزار 167 رنز بنائے، سب سے اچھا اسکور 143  اور ایوریج 44 اعشاریہ 22 ہے، اسٹرائیک ریٹ 56 اعشاریہ 52 ہے۔ اب تک 258 چوکے اور 10 چھکے لگا کر 5 سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں اپنے نام کرچکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں بابر اعظم نے مجموعی طور پر 47 میچز میں 45 بار بیٹنگ کی، 1 ہزار 730رنز بنائے، سب سے اچھا اسکور 97 ہے، 48 اعشاریہ 06 کے ایوریج اور 130 اعشاریہ 27 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہیں، 179 چوکے اور 24 چھکے لگا کر 16 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ 

پی ایس ایل میچز میں بابر اعظم کی کارکردگی 

گزشتہ برس 2020ء میں بابر اعظم نے پی ایس ایل سیزن 5 کے 7 میچز میں 5 بار بیٹنگ کی اور 225 رنز بنائے۔ ان کا سب سے اچھا اسکور 78 رہا جبکہ بابر اعظم 45 کی ایوریج سے 125 اعشاریہ 7 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 چھکوں اور 29 چوکوں کے ساتھ 2 بار ففٹی کرنے میں کامیاب رہے۔

رواں برس پی ایس ایل 2021ء کے سب سے پہلے میچ میں دفاعی چیمپین کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو گزشتہ روز 7 وکٹوں سے شکست دی۔ کوئٹہ کی ٹیم 121 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ کراچی کنگز نے 122 رنز کا ہدف 14ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

دفاعی چیمپین کراچی کنگز کے جو کلارک نے 46 رنز بنائے، محمد نبی 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ بابر اعظم نے 20 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور ٹاپ 3 بیٹسمین میں شامل ہو گئے۔ 

کارکردگی کے نمایاں نکات 

اپنے پہلے 25 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے دوران بابراعظم نے 1 ہزار 306 رنز اسکور کیے جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کے اسکور کیے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

پہلی 21 اننگز کے دوران ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بابر اعظم نے 1000 رنز تک پہنچ کر پاکستان کے سب سے تیز ترین بیٹسمین کا اعزاز حاصل کیا۔5 اکتوبر 2016ء کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلتے ہوئے بابر اعظم نے 3 میچز میں مسلسل 3 سنچریاں اسکور کیں، جبکہ بابر اعظم سے قبل یہ ریکارڈ صرف ظہیر عباس اور سعید انور کے پاس تھا۔

پہلا ون ڈے میچ بابر اعظم نے سن 2015ء میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا۔ قبل ازیں بابر اعظم نے 2008ء کی انڈر 15 ورلڈ چیمپین شپ کھیلی اور 2 انڈر 19 ورلڈ کپس میں 2010ء اور 2012ء میں شرکت کی جہاں وہ پاکستان کے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی مانے جاتے تھے۔ 

مزید ریکارڈز 

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بابر اعظم کا تعلق ایک پنجابی خاندان سے ہے جو 15 اکتوبر 1994ء کے روز پیدا ہوئے۔ اندرونِ شہر پلے بڑھے اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا بھی لاہور سے ہی شروع کیا۔

ون ڈے کے 3 ہزار رنز تک پہنچنے کیلئے بابر اعظم کو دنیا کا دوسرا تیز ترین جبکہ ایشیاء کا پہلا تیز ترین کھلاڑی مانا جاتا ہے۔ بابر اعظم دنیا کی تیز ترین 10 سنچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی ہیں۔

اکتوبر 2017ء میں بابر اعظم نے متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 سنچریاں بنا کر ایک ہی ملک میں لگاتار 5 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین کا اعزاز اپنے نام کیا۔

ویرات کوہلی سے تقابل 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے اکثر بابر اعظم کا تقابل کیا جاتا ہے جس کے حوالے سے مختلف خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ رواں ماہ 4 فروری کو بھی ایک ایسی ہی خبر سامنے آئی جب بابر اعظم نے دلکش کور ڈرائیو کے مقابلے میں ویرات کوہلی کو شکست دے دی۔

یہ کوئی حقیقی مقابلہ نہیں بلکہ آئی سی سی کا ٹوئٹر پر منعقدہ پول تھا جس میں عوام سے بابر اعظم، ویرات کوہلی اور دیگر کھلاڑیوں کی کور ڈرائیو پر رائے طلب کی گئی تھی۔ سب سے زیادہ ووٹ بابر اعظم کو ملے جبکہ ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر رہے۔ 

لیگ اسپنر راشد خان کا بیان

افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے 4 روز قبل کہا کہ پی ایس ایل میں بابر اعظم کے خلاف اچھا کھیل پیش کرنا ایک مشکل چیلنج ثابت ہوگا۔ گزشتہ 3، 4 برسوں سے بابر اعظم شاندار کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

راشد خان نے کہا کہ ہر صورتحال میں بابر اعظم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جسے باؤلنگ کرنے کے دوران ہماری توجہ 200 فیصد انہی پر ہوتی ہے۔ ہم بابر اعظم جیسے کھلاڑی کو بالکل بھی چانس نہیں دے سکتے کیونکہ وہ معمولی غلطی کی بھاری سزا دے سکتا ہے۔ 

Related Posts