لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی ’سب سے طاقتور‘ شخصیت ان کے خلاف سازش کر رہی ہے، یہ طاقتور شخص اس وقت پارٹی ورکر ظلِ شاہ کی موت کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔
آصف زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کو ”مجرم“ قرار دیتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ یہ لوگ پاکستان کو مکمل تباہی کی طرف لے جارہے ہیں اور عوام پر زور دیا کہ وہ ان قوتوں کو شکست دینے کے لیے ”حقیقی آزادی“ کی تحریک میں ایک زندہ قوم کے طور پر شامل ہوں۔
سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ سابق وزیراعظم نے پارٹی کارکن علی بلال المعروف ظل شاہ پر ہونے والے شدید تشدد پر گہری تشویش اور غم کا اظہار کیا۔
عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت نے ”ایک اسپیشل بچے ” کو تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کیا،عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی نگراں وزیر اعلیٰ، آئی جی پولیس، اور سی سی پی او لاہور کے خلاف مقدمے کی بھرپور پیروی کرے گی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی مہارت رکھنے والے اہلکار نے سیاسی کارکنوں بشمول شہباز گل، اعظم سواتی، کئی صحافیوں اور یہاں تک کہ نوجوان سوشل میڈیا ایکٹوسٹ پر تشدد کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب میں عام انتخابات کا شیڈول عدالتی ہدایات پر جاری کیا گیا تھا اور ان کی پارٹی کے کارکن سول انتظامیہ سے اجازت ملنے کے بعد انتخابی مہم شروع کرنے جا رہے تھے۔ لیکن پولیس کو ریلی شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے تعینات کر دیا گیا تھا اور تمام سڑکیں بند کر دی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کارکن کی وفات کو حادثہ دکھائیں، مریم نواز کی آڈیو لیک
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کی مرکزی صدر اور سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پارٹی کارکنوں کو کینال روڈ پر روکا گیا اور ان کی گاڑی کی ونڈ اسکرین اور انہیں بغیر کسی وجہ کے نقصان پہنچایا گیا‘۔