کراچی: ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے دو روز بعد پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے سندھ میں کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر غیاث پراچہ نے اعلان کیا کہ سی این جی اب 180 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔ قیمتوں میں اضافہ پاکستانی کرنسی کی ویلیو میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں نیچرل کمپریسڈ گیس (ایل این جی) کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پیش نظر کیا گیا ہے۔
صدر ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہا کہ آج سے درآمدی گیس کی قیمت پنجاب میں 8 روپے اور سندھ میں 15 روپے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سیلز ٹیکس اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے ہوا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے اضافے کی شکایت کرتے ہوئے حکومت سے ٹیکسوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کر دیا
جمعرات کو وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ دریں اثنا مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمتوں میں بالترتیب 7.05 روپے اور 8.82 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
یکم اکتوبر سے پٹرول 127.30 روپے فی لیٹر ، ہائی اسپیڈ ڈیزل 122.04 روپے فی لیٹر ، مٹی کا تیل 99.31 روپے اور لائٹ ڈیزل تیل 99.51 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
ایک پریس ریلیز میں ، فنانس ڈویژن نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گزشتہ دو ہفتوں میں بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ایکسچینج ریٹ کی مختلف حالتوں کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اوگرا کی “سفارش کے خلاف فیصلہ کیا تھا اور صارفین کی سہولت کے لیے قیمتوں میں کم سے کم اضافے کی منظوری دی تھی”۔
یہ بھی پڑھیں : تھانہ بہارہ کہو کی حدود میں گاڑی کو حادثہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق