کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کیلئے بری خبر یہ ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس ٹیسٹ کرایا تھا جس کا نتیجہ مثبت آگیا ہے جس پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بھی وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کورونا ٹیسٹ جمعے کے روز کرایا تھا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ میں نے جمعہ کی نماز کے بعد کورونا کا ٹیسٹ کرایا تو نتیجہ مثبت آیا، میں نے خود کو کو آئسولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے ہلکا سا بخار ہے، باقی میری طبیعت کافی بہتر ہے۔ قرنطینہ ہونے کا فیصلہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر کیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جلد صحتیابی کیلئے دُعا کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹؤئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو شفائے کاملہ عطا فرمائے۔
پیغام میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور خود کو اور دوسروں کو کورونا کی وباء سے محفوظ رکھیں۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔اللہ تعالی انہیں شفاء کاملہ عطا فرمائے۔عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہو کر خود کو اور دوسروں کو کرونا وباء سے محفوظ رکھیں۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) November 16, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین جو کورونا وائرس کا شکار تھے، ان کی طبیعت بگڑ گئی جس پر انہیں ہسپتال داخل کردیا گیا۔
نجی ٹی وی میزبان اور پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو گزشتہ روز کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: عامر لیاقت حسین کی طبیعت کورونا کے باعث بگڑ گئی، ہسپتال داخل