لاہور: کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ (سی ای اے جی) نے حکومت کو پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن کی نئی تجویز دینے پر غور شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے رکن پروفیسر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ مارکیٹس کے علاوہ کسی بھی شعبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔ وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں پروفیسر اسد اسلم نے کہا کہ اگر صورتحال جوں کی توں برقرار رہی تو حکومت کو ایک بار پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانے کی تجویز دیں گے جبکہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 6 ہزار 702 جاں بحق ہو گئے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 736 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 10 مزید شہری زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: کورونا کے مریض 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد، 6 ہزار 702 جاں بحق