راولپنڈی: پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین اور پی ٹی آئی کے رکنِ صوبائی اسمبلی عمر تنویر بٹ نے کہا ہے کہ بیوروکریسی ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف حلقہ نمبر 15 کے ایم پی اے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین عمر تنویر بٹ کا کہنا ہے کہ اصلاحات لا رہے ہیں، آہستہ آہستہ سب چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی جبکہ بیوروکریسی ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں نے اپنے حلقے کیلئے 2 سرکاری سکول منظور کروا لیے ہیں ، واران بس اڈا جو کہ برسوں سے ویران پڑا تھا وہاں عالیشان ہسپتال بنانے جا رہے ہیں جس کے لیے فنڈز بھی دستیاب ہیں۔کوشش ہے کہ عوام کے تمام کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر آسان بنایا جائے۔
تحریکِ انصاف کے رہنما عمر تنویر بٹ نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل بڑے نہیں ہوتے اس لئے ہم یونین کونسل سطح پر اختیارات دیں گے تاکہ لوگوں کے مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں جبکہ فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے میری کوشش ہے کہ تمام جعلی فیکٹریاں جو مضر صحت چیزیں تیار کر رہی ہیں وہاں چھاپے مارے جائیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم جعلی فیکٹریوں کا قبلہ درست کرنا چاہتے ہیں۔ پرائس کنٹرول کے حوالے سے ہم بہت کام کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور ریٹ لسٹ کے مطابق شہریوں کو ضروریاتِ زندگی کی اشیاء دستیاب ہوں۔ٹائیگر فورس کے قیام سے معاملات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔
رکنِ پنجاب اسمبلی عمر تنویر بٹ نے کہا کہ تھانے کچہری کی سیاست ختم ہو گئی، لوگوں کے کام میرٹ پر کیے جارہے ہیں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔صحت، تعلیم اور پانی کا مسئلہ بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔جن علاقوں میں ابھی تک گیس نہیں وہاں تک پہنچانے کے منصوبوں پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں کوئی تعمیری و ترقیاتی کام نہیں کیے گئے۔ ہم محنت کی عظمت پر یقین رکھتے ہیں۔سیوریج سسٹم لارہے ہیں، سڑکوں کا جال بچھا رہے ہیں، گلیاں پکی بنوا رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ حلقے کے عوام کو کسی قسم کا گلہ شکوہ نہ ہو۔ کوشش ہوتی ہے کہ عوام کی خوشی اور غم میں شریک ہوسکوں۔
یہ بھی پڑھیں: بارش نے صوبائی حکومت کا پول کھول دیا۔خرم شیر زمان