برطانوی نو بالغوں کی ڈرامہ فلم “ہاؤ ٹو ہیو سیکس” بھی کچھ مخصوص خطوں کیلئے نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگئی ہے۔
یہ 2023 میں ریلیز ہونے والی ایک برطانوی ڈرامہ فلم ہے، جس کی ہدایت کاری اور تحریر مولی میننگ واکر نے کی ہے۔ یہ فلم نوجوانی، پارٹی کلچر اور کم عمری میں درپیش نفسیاتی اور سماجی دباؤ جیسے موضوعات پر روشنی ڈالتی ہے۔
فلم کی کہانی
فلم تین 16 سالہ برطانوی لڑکیوں تارا، ایم اور اسکائی کے گرد گھومتی ہے، جو یونان کے ایک تفریحی مقام پر بے قابو جشن منانے کے لیے جاتی ہیں۔
ان کا مقصد یہ ہے کہ بس خوب بد مست قسم کی پارٹی کریں، خوب شرابیں پئیں اور زندگی کو بھرپور طریقے سے انجوائے کریں۔ خاص طور پر تارا اس موقع پر اپنا کنوارہ پن کھونے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ اس کی سہیلیاں اسے اس پر اکسانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔
لیکن جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، فلم صرف تفریح اور آزادی کا جشن نہیں مناتی بلکہ یہ ظاہر کرتی ہے کہ کم عمری میں بغیر کسی جذباتی تیاری کے تعلقات قائم کرنے کے کیا نفسیاتی اثرات ہو سکتے ہیں۔
تارا کی ایک رات نشے اور دباؤ کی فضا میں گزر جاتی ہے اور اگلی صبح اس کی دوستوں کو احساس ہوتا ہے کہ وہ رات کے واقعات کو یاد کرنے میں ناکام ہیں۔
یہ فلم محدود پیمانے پر نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی ہے، جہاں اس کے دیکھنے والوں میں ملا جلا ردعمل دیکھا جا رہا ہے۔