اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے برطانوی وفد کی اہم ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاک برطانیہ تعلقات میں بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے اسلام آباد میں برطانوی وفد نے ملاقات کی، برطانوی وفد کا کہنا تھا اعجاز شاہ کے وزارت میں آنے سے سیکورٹی اقدامات میں بہتری آئی، اسلام آباد کو فیملی اسٹیشن ہونے کا اسٹیٹس واپس مل گیا ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستانی وفد کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا سہولتوں کو بہتر بنانے کی درخواست پر برطانوی وفد نے کہا پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے، پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات میں مزید بہتری چاہتے ہیں۔
برطانوی وفد نے کہا کہ برطانوی شہریوں کا رحجان پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وفد کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بھی گفتگو کی، انھوں نے کہا کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کو 58 روز بیت چکے ہیں، بھارت نہتے کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، حق خود ارادیت کشمیریوں کا انسانی اور قانونی حق ہے، بھارت سے کشمیریوں کی حق تلفی کی جواب طلبی ہونی چاہیے۔
برطانوی وفد نے کہا پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے، بھارتی حکومت سے کشمیر پر جارحیت کا جواب طلب کیا جانا چاہیے۔
برطانوی ہوم سیکریٹری نے کہا مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستان کی آواز کے ساتھ ہیں۔