شارجہ: پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان شاداب خان نے ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی اہمیت کے حوالے سے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف سیریز کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان کو پہلے سے زیادہ عزت ملے گی۔
افغانستان سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی اور سیریز میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہم لوگ ہی اپنے پلیئرز پر تنقید کرتے ہیں، رضوان اور بابر اعظم پر سست رفتاری سے کھیلنے پر تنقید ہوتی رہی ہے، ان کے اسٹرائیک ریٹ پر باتیں ہوتی ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ بطور قوم ہم چاہ رہے تھے کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے کیوں کہ وہ اچھے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتے ہیں، وہ غلطیاں بھی کریں گے، وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیلنا شروع کردیں گے، پلیئرز بننے میں ٹائم لگتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف کامیابی حاصل کرنے پر طالبان کی افغان ٹیم کو مبارکباد
قومی ٹیم میں نئے پلیئرز کو شامل کرنے پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ تجربات کرنے چاہئیں، میں اس کی حمایت کرتا ہوں، اس طرح ہماری قوم اور میڈیا والوں کو پتہ چلے گا کہ کھلاڑی کے تجربے کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سینئرز کی جس طرح کی پرفارمنس تھی انہیں اس طرح سے عزت نہیں ملی، مجھے لگتا ہے اس سیریز کے بعد ہماری قوم اور میڈیا کی طرف سے انہیں بہت زیادہ عزت ملے گی۔
واضح رہے کہ افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔