گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ پلان سی سے آگے بڑھ کر ڈی اور ایچ میں داخل ہوچکا ہے جبکہ پلان زیڈ بھی جلد آ جائے گا۔
کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے کسی بھی پلان یا آزادی مارچ سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف علاج کے بہانے لندن کی گلیوں میں گھوم پھر رہے ہیں ، یہ چیز ان کے وقار کو گرانے کا باعث بن رہی ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ بازاروں اور گلیوں میں رٹیل تھراپی سمجھ سے بالا تر ہے۔ علاج کو بہانہ بنا کر لندن میں تصاویر اور ویڈیوز بنوانے والوں پر ہمارے ساتھ ساتھ ن لیگی ووٹرز کو بھی افسوس ہوگا۔ واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام پر بھرپور طریقے سے کام ہو رہا ہے۔ سندھ کے عوام کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے یونیورسٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی جبکہ یونیورسٹی کا قیام ایک اہم اقدام ہے جس سے سندھ کو فائدہ ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا، ضرورت اس امر کی ہے کہ ذہین طلبہ کو بھی جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے۔
اس ضمن میں گزشتہ روز گورنر سندھ نے علما یونیورسٹی میں زیر تعلیم ذہین اور ضرورت مند طلباء و طالبات کو اسکالرشپ دینے کے لئے ایک ملین کی گرانٹ کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: گورنر سندھ کا علما یونیورسٹی کے لیے ایک ملین کی گرانٹ کا اعلان