کراچی: کرکٹ آسٹریلیا کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ چکا ہے جس کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کرکٹ سیریز کھیلے جانے کے امکانات واضح ہو گئے۔ شعبہ سیکیورٹی کے سربراہ سین کیرول بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کے مطابق اگر کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت مثبت رہی تو تقریباً 20 سال بعد آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز شروع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کھلاڑی ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت سےمحروم
حکام کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی بورڈ( کرکٹ آسٹریلیا) کے نمائندگان نے گزشتہ روز اسلام آباد میں آسٹریلین کرکٹرز کی سیکورٹی کے حوالے سے وزارتِ داخلہ کے اہلکاروں سے ملاقات کی جبکہ پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے انہیں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھرپور آگہی فراہم کی۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو صدارتی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے جس کے باعث سری لنکا کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آمد پر راضی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کے باؤلرز کی رینکنگ جاری کی جس میں پاکستان کے مایہ ناز باؤلر محمد عباس ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے۔آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ ٹیسٹ کرکٹ باؤلر رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر، ساؤتھ افریقا کے کگیسو ربادا دوسرے، بھارت کے جسپریت بمرا تیسرے جبکہ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر چوتھے نمبر پر ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کے محمد عباس ٹاپ ٹین میں شامل