وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سابق وزیر اعظم نواز شریف سے زیادہ بیمار ہیں جبکہ ضمانت کی درخواست نہ دینا ان کی ضد پر مبنی سیاست ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے، نواز شریف بانڈ دیں اور چلے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ پلان بی: جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے کوئٹہ چمن شاہراہ بلاک کردی
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شریف فیملی پہلے بھی جائیداد کو بانڈ کے طور پر رکھوا کر ملک سے باہر جا چکی ہے جس کی ادائیگیاں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ آصف زرداری کو بھی ملک سے باہر جانے کے لیے عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔ اگر ایسا نہیں کریں گے تو رہائی نہیں ملے گی جبکہ عمر کے آخری حصے میں دولت زحمت کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان دھرنے کا معاملہ جتنی جلدی ختم کریں، اتنا ہی بہتر ہے، انہیں اپنے کارکنان کی مشکلات کا احساس کرنا چاہئے۔ دھرنا دینا سب سے مشکل کام ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور صحافی ریحام خان کے وکیل نے کہا کہ دنیا ٹی وی نے ان کے مؤکل پر شہباز شریف سے پیسے لے کر کتاب لکھنے کا الزام واپس لیتے ہوئے عدالت میں معافی مانگ لی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ریحام خان کی جانب سے ایک ویڈیو میں ان کے وکیل نے کہا کہ 5 جون 2018 کو حکومت میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میرے موکل ریحام خان پر انتہائی سنگین الزامات عائد کیے۔
مزید پڑھیں: وزیرریلوے شیخ رشید نے ریحام خان سے معافی مانگ لی