نیروبی: مشہورومعروف ٹی وی میزبان و سینئر صحافی ارشد شریف کا جسدِ خاکی نیروبی سے براستہ قطر پاکستان کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج شب 1 بجے تک ارشد شریف کی میت اسلام آباد پہنچے گی۔ وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کے قتل پر کینیا کے صدر سے بات چیت کی جس سے قانونی امور تیزی سے تکمیل کی طرف بڑھے۔
پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، سندھ پولیس اور ایف سی اسلام آباد پہنچ گئی
وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ارشد شریف کی میت کو قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ کئی گھنٹوں تک پاکستانی ہائی کمشنر سیّدہ ثقلین تمام تر مراحل کی نگرانی کرتی رہیں اور جسدِ خاکی کی روانگی تک کام کیا۔
وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیّدہ ثقلین جسدِ خاکی کی نگرانی تک نیروبی ائیر پورٹ پر موجود تھیں۔ ارشد شریف کی میت کے ساتھ پرواز نمبر کیو آر 1342 نیروبی سے سوا 3بجے کے قریب روانہ ہوئی۔ میت کو آج پاکستان پہنچا دیا جائے گا۔
ارشد شریف کے لواحقین ان کی تدفین جمعرات تک اسلام آباد میں کرنے کے خواہاں ہیں۔ قبل ازیں ارشد شریف کو اتوار کی شب نیروبی مگاڈی ہائی وے پر پولیس نے سر پر گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ کینین حکام کا کہنا تھا کہ گولی شناخت میں غلطی کے باعث چلائی گئی۔