نامور وکیل اور پیپلز پارٹی رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت سابق صدر آصف علی زرداری کا مقدمہ واپس کراچی میں منتقل کرے جبکہ ان کا علاج ذاتی معالج سے کرانے کی شدید ضرورت ہے۔
کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم نے متعدد بار پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے درخواستِ ضمانت دائر کرنے کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے ہمیں درخواست دائر کرنے سے روک دیا۔
بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ سابق صدر کے 2 مطالبات ہیں جنہیں پورا کرنے میں حکومت کو کوئی دشواری نہیں ہونی چاہئے۔ اوّل یہ کہ وہ ذاتی معالج سے اپنا علاج کروانا چاہتے ہیں، اگر یہ حق نواز شریف کو دیا گیا تو آصف زرداری کو کیوں نہیں؟
اعتزاز احسن نے کہا کہ آصف زرداری کا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ ان کا مقدمہ کراچی منتقل کیا جائے کیونکہ سابق صدر کو سماعت کے دوران شہرِ قائد منتقل نہ کرنے سے بدگمانی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ان کی طبیعت نواز شریف سے زیادہ ناساز ہے۔اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع درست ہے یا نہیں، اسے چیلنج کرنا آئین کے خلاف نہیں جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف کی تعیناتی وزیر اعظم کا اختیار ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بیرسٹراعتزاز احسن نے الزام لگایا کہ سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ انہیں ذاتی معالج کی سہولت حاصل نہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں6 روز قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور نامور وکیل اعتزاز احسن نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان قانون کے تمام تقاضے پورے کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ اعتزاز احسن