لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے محسن نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کردیا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے خط میں حمزہ شہباز نے سبکدوش ہونے والے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی جانب سے تجویز کردہ نامزدگیوں کو مسترد کردیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ چونکہ وہ بیرون ملک ہیں، اس لئے مزید روابط کے لئے ملک احمد خان کو فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔
یہ پیشرفت وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے مسلم لیگ (ن) کے نامزد کردہ امیدواروں پر بات کرنے کے لیے حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی۔
ایک ٹویٹ میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سیاستدانوں سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں:اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے
پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) نے اتوار کو صوبے میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تین متفقہ امیدواروں کو حتمی شکل دے دی تھی۔ نامزد افراد میں کیبنٹ سیکریٹری احمد نواز سکھیرا، سابق وزیر صحت نصیر خان اور سابق چیف سیکریٹری ناصر سعید کھوسہ شامل ہیں۔