چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ میزائل فائرنگ کے کامیاب تجربات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی شر انگیزی کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پاک بحریہ چیف کی سربراہی میں بحری فوج نے بحیرۂ عرب کے شمالی حصے اور مکران میں واقع مخصوص ساحلی علاقے پر دفاعی صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے میزائلز فائر کیے۔
ترجمانِ نیول اسٹاف کے مطابق اینٹی شپ میزائلز جنگی بحری جہاز اور ہوائی جہاز سے فائر کیے گئے جبکہ اس دوران سطحِ سمندر سے زمین اور زیر سمندر آبدوز سے زمین پر بھی میزائل داغے گئے۔
بحریہ ترجمان کے مطابق کوسٹ آف مکران اور شمالی بحیرۂ عرب پر میزائل کامیابی سے داغے گئے، میزائلز نے اہداف کامیابی سے ہٹ کیے۔
بحریہ چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کامیاب میزائل فائرنگ پر جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بحری افواج کی دفاعی قوت بے مثال ہے دشمن کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کمانڈر ان چیف روسی بحریہ ایڈمرل نکولئی اناطولیو نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات ہوئی۔
چیف آف نیول اسٹاف ظفر محمود عباسی سےنو روز قبل ملاقات کے دوران دونوں بحریہ سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ پاک روس بحری افواج کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: کمانڈر ان چیف روسی بحریہ کی ایڈمرل ظفر عباسی سے ملاقات