34 مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام ہورہا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

34 مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام ہورہا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی
34 مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام ہورہا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 40 سال کا ملبہ مختصر مدت میں صاف نہیں کرسکتے، ماضی کی خامیوں کو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیک نیتی سے کام کرکے درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کراچی میں 34 مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام ہورہا ہے، ساحلی پٹی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا ہے تاکہ شہریوں کو ساحلی مقامات تک رسائی میں سہولت ملے، مختلف علاقوں میں پارکس کو کھلی عوامی جگہیں بنانے کے لئے اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں،شہریوں کو عملی طور پر کام ہوتا نظر آرہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اورنگی ٹاؤن میں تزئین شدہ تین پارکوں کا افتتاح کرنے کے بعد عرشی پارک میں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی علی احمد جان، میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مظہر خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں عرشی پارک کی جگہ دو ایکڑ کا پلاٹ تھا جس پر ملبہ اور کچرا پڑا تھا، آج یہ جگہ دلکش اور سرسبز منظر پیش کر رہی ہے، یہ ایک خوشگوار تبدیلی ہے، اورنگی ٹاؤن سیکٹر 1-D میں فیملی پارک اور نسیم نگر سیکٹر 7-C میں داتا نگری پارک کو بھی بحال کرکے شہریوں کے لئے آج کھول دیا ہے جس سے علاقے کے عوام کو اپنی رہائش گاہ کے قریب بہتر تفریحی سہولیات میسر آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم اور بڑے پارکس سمیت کھلی جگہوں کو سرسبز اور بہتر بنانا اولین ترجیح ہے، باغ ابن قاسم، سفاری پارک، ہل پارک، برنس گارڈن کو بہتر بنا رہے ہیں، شاہراہ نور جہاں کا تعمیراتی کام شروع کردیا ہے جلد اسے مکمل کرلیں گے، کراچی کے 30 سے 35 مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے جس سے برساتی پانی کی نکاسی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ فریئر ہال کی حالت بہت خراب تھی، 1865ء میں تعمیر ہونے والی اس تاریخی عمارت کو درست کرنے اور اصل حالت میں بحالی کے لئے وہاں موجود فوارے اور لائٹس کو ٹھیک کیا گیا ہے، یہ عمارتیں شہر کا اثاثہ ہیں انہیں درست کرنا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ شارع فیصل پر تمام جماعتوں کے جھنڈے لگے تھے جنہیں میں نے اتروایا ہے۔

سیاست کرنا سب کا حق ہے ہم کسی جماعت کو اس سے روکنا نہیں چاہتے تاہم شہر کی خوبصورتی کو بھی متاثر نہیں ہونا چاہئے، دہشت گردی ایک بڑا مسئلہ تھا جسے حل کرنے کے لئے سب نے مل کر کام کیا، اب بھی اس پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

Related Posts