کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے دفاعی اور رفاعی اراضی کو کمرشل مقاصد کے استعمال سے روک دیا، رفاعی پلاٹوں اور دفاعی مقاصد کی زمینوں پر شادی ہالز میں تقریبات بھی روکنے کا حکم دیدیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں دفاعی مقاصد کیلئے مختص اراضی پر شادی ہالز اور سنیما چلانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ دفاعی اداروں کے زیرانتظام شادی ہالز اور سنیما کے خلاف درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے حکم جاری کردیا۔
عدالت نے شاہراہ فیصل پر فیلکن مال، راشد منہاس روڈ کے نیوپلیکس سنیما کا کمرشل استعمال روکنے کا حکم دے دیا۔اس کے علاوہ سندھ ہائی کورٹ نے 19 شادی ہالز اورمارکیز کے کمرشل استعمال سے روک دیا۔ عدالت نے رفاعی پلاٹوں اور دفاعی مقاصد کی زمینوں پر شادی ہالز میں تقریبات بھی روکنے کا حکم دیا۔
عدالت نے آفیشل اسائنی کو 15 روز میں ان زمینوں کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ زمین کی قانونی حیثیت سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔درخواست گزاروں نے ڈالمیا، عسکری 4، ڈی ایچ اے میں قائم شادی ہالز کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا ہے۔
درخواست گزاروں نے موقف پیش کیا کہ آرمی ، نیوی ، فضائیہ اور دیگر کو دفاعی مقاصد کیلئے زمینیں دی گئی تھیں۔ ان میں ڈی ایچ اے فیز 7 اور فیز 8میں قائم بینکوئٹ اور شادی ہالز شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:
پی ای سی ایچ ایس میں رفاعی پلاٹ پرغیر قانونی تعمیرات گرانے کا حکم
رفاعی پلاٹوں پر قبضہ ،سپریم کورٹ نے ساؤتھ سٹی اور ضیا الدین اسپتال کا رخ کرلیا
نسلہ ٹاور گرانے کی تیاریاں شروع، رہائشیوں کو بلڈنگ خالی کرنے کی ہدایت