شہرِ قائد کے علاقے کورنگی میں ملزمان نے سبزی فروش کو لوٹ لیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوٹ مار کا یہ واقعہ کورنگی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے سبزی فروش سے رزق کمانے کیلئے بیچی جانے والی سبزی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کورنگی میں سبزی فروش کو لوٹا گیا۔ واقعے کی 1 منٹ 17 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سبزی فروش گلی میں تنہا سبزیاں فروخت ہونے کے انتظار میں کھڑا ہے۔ ایک سائیکل سوار بچہ قریب سے گزر جاتا ہے۔
کچھ سیکنڈز بعد دو موٹر سائیکل سوار سبزی فروش کے قریب سے گزر کر آگے چلے جاتے ہیں جو مڑ کر واپس آجاتے ہیں۔ ایک شخص موٹر سائیکل سے اتر کر سبزی فروش کو اسلحہ دکھاتا ہے اور اس سے لوٹ مار کرتا ہے۔
موٹر سائیکل سے اترنے والا ڈاکو سبزی فروش کی جیب بھی چیک کرتا ہے، پھر سبزی ہی لوٹ کر موٹر سائیکل پر بیٹھ جاتا ہے۔ دونوں ملزمان لوٹ مار کے بعد آسانی سے فرار ہوجاتے ہیں۔ سبزی فروش کی مدد کو کوئی نہیں آتا۔
رواں برس صرف 8 ماہ کے دوران کراچی میں 50 ہزار سے زائد واقعات میں شہریوں سے راہ چلتے مختلف گلیوں اور سڑکوں پر لوٹ مار ہوئی جسے اسٹریٹ کرائمز کا نام دیا جاتا ہے جس میں متعدد شہری موٹر سائیکلز، موبائل فونز اور گاڑیوں سے محروم ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رواں برس کے 8 ماہ میں شہری 34 ہزار 181 موٹر سائیکلز، 14 ہزار 578 موبائل فونز اور 268 گاڑیوں سے محروم ہوئے۔ 54 افراد کو ڈکیتی میں مزاحمت یا لوٹ مار کے دوران فائرنگ میں قتل کردیا گیا جبکہ 458شہری زخمی بھی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین لگوانے کے بہانے خاتون سے جنسی زیادتی