اسلام آباد: ملک میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی) نے حقوق پاکستان پروجیکٹ کے لیے مشہور و معروف اداکاراحسن خان کو اپنا خیر سگالی کا سفیر مقرر کردیا ہے۔
واضح رہے کہ حقوق پاکستان پروجیکٹ این سی آر سی اور یورپی یونین کا مشترکہ پروجیکٹ ہے۔شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار احسن خان بچوں کے حقوق اور ان کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔
احسن خان پاکستان میں کمزور بچوں کے مسائل کے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، پسماندہ بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے لوگوں کو ترغیب دیں گے اور بچوں کو زیادتی، استحصال، تشدد اور نظراندازی سے بچانے کے لیے آوازاُٹھائیں گے۔
چیئرپرسن این سی آر سی افشاں تحسین نے اس ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ احسن خان کی شمولیت سے معاشرے کے مختلف طبقات میں بچوں کے حقوق سے آگاہی کا شعور پھیلانے میں مدد حاصل ہوگی۔
انہوں نے احسن خان کی شوبز انڈسٹری میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ احسن خان بہت سے لوگوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بچوں کے متعلق لوگوں کی سوچ و فکر میں مثبت تبدیلیاں لانے کا مؤجب بنیں گے۔
احسن خان نے اس موقع پر کہا کہ این سی آرسی کا سفیر برائے خیر سگالی نامزد ہونا میرے لئے ایک اعزاز ہے۔ اپنی زندگیوں میں سے ایک لمحہ سب کو نکال کر ضرور سوچنا چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کے ساتھ کس قسم کا سلوک کر رہے ہیں اور درست رویہ اپنا رہے ہیں، انہوں نے زور دے کر کہا کہ بچوں کے بنیادی حقوق سے انکار پر کارروائی ہونی چاہیے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما جعفر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ این سی آر سی اور احسن خان کے درمیان شراکت داری ان مسائل کو حل کرنے میں معاون و مدد گار ثابت ہو گی جو ہمارے بچوں کو متاثر کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احسن خان کا اس سلسلے میں چناؤ ایک اچھا فیصلہ ہے۔
مزید پڑھیں: مجھے مردوں نے نہیں خواتین نے ہراساں کیا، ملیکا شراوت