جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کالعدم قرار د ے دی گئی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

fazlur rehman ansar
وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا،وفاقی کابینہ نے انصار الاسلام پر پابندی کی منظوری دی۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا، وفاقی کابینہ نے انصار الاسلام پر پابندی کی منظوری دی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا تھا آرٹیکل 256 اور 1974 ایکٹ کے سیکشن 2 کے تحت انصار الاسلام پر پابندی عائد کی جائے گی اور مشاورت کے بعد وفاقی حکومت، وزارت داخلہ کے ذریعے صوبوں کو انصار الاسلام کے خلاف کارروائی کا اختیار سونپے گی۔

وفاقی کابینہ نے جے یو آئی (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کی سفارش کی منظوری دے دی ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی سطح پر انصارالاسلام کو کالعدم قرار دینےکا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا جبکہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بارے میں وزارت داخلہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی ہدایت پر مکمل عملدرآمد کے لیے صوبوں کو ہر قسم کی کارروائی کا اختیار ہوگا،سمری میں کہا گیا کہ حساس اداروں کی رپورٹس کے مطابق جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کے شرکا کی سیکیورٹی کے نام پر ایک مسلح تنظیم تشکیل دی ہے۔

یہ مسلح تنظیم بظاہر حکومت کی رٹ چیلنج کرنا چاہتی ہے جس کے رضاکاروں نے خاردار تاروں سے لیس لاٹھیاں اٹھا کر پشاور کے ورکرز کنونشن میں ریہرسل اور مارچ پاسٹ کیا جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلا۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ ورکرز کنونشن میں مسلح فورس قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ٹکرانے کی تیاری کرتی نظر آئی اور80 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل مسلح فورس کے آزادی مارچ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے، وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ انصار الاسلام فورس کا اسلحے سے لیس ہونا بھی خارج از امکان نہیں لہٰذا اس کی سرگرمیاں اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے باوردی محافظ دستے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان محافظ دستے سے سلامی لے رہے ہیں،خیبر پختونخوا حکومت نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جے یو آئی ف کے محافظ دستے کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔

Related Posts