کراچی: پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے موٹر سائیکل کی عقبی نشست پر بیٹھ کر اپنے حلقے کا دورہ کیا اور سماجی رہنما رمضان ناتھا کی کاوشوں کی تعریف کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ گزشتہ شب اپنے حلقۂ انتخاب این اے 245 میں رمضان ناتھا کے ہسپتال اور سولجر بازار کا دورہ کیا۔
پیغام میں ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے کہا کہ رمضان ناتھا صاحب اپنے ہسپتال میں موتیا کے بلامعاوضہ آپریشن کر رہے ہیں جو قابلِ ستائش عمل ہے۔ عامر لیاقت حسین نے اپنے دورے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی۔
گذشتہ ش #NA245 میں رمضان ناتھا کے اسپتال اور سولجر بازار کا دوہ کیا ، رمضان ناتھا صاحب اپنے اسپتال میں موتیا کے بلا معاوضہ آپریشن کررہے ہیں جو قابلُ ستائش عمل ہے#AamirLiaquat pic.twitter.com/eSqnxhx7Gu
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) August 7, 2021
مختصر ویڈیو میں عامر لیاقت حسین کو موٹر سائیکل کی عقبی نشست پر سوار دیکھا جاسکتا ہے۔ پی ٹی آئی رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ ابھی ہم رمضان ناتھا کے ہسپتال کا دورہ کرکے آئے ہیں۔اسی دوران ان کے پیچھے آنے والے پی ٹی آئی کارکنان نعرے بازی شروع کردیتے ہیں۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین نعرے بازی کرنے والے پی ٹی آئی ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ رمضان ناتھا کے ہسپتال میں کورونا کے دوران موتیا کے مفت آپریشن ہورہے ہیں، بہت اچھا کام ہو رہا ہے، میں اپنے پورے حلقے میں گھوم رہا ہوں۔
آخر میں عامر لیاقت حسین جیے پی ٹی آئی اور جیے عمران خان کا نعرہ لگا کر حلقے کے مزید علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے روانہ ہوجاتے ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان بھی نعرۂ عمران لگاتے ہیں اور پی ٹی آئی کے کارکنان کا سفر جاری رہتا ہے۔
قبل ازیں نجی ٹی وی پروگرام میں بیٹھ کر عامر لیاقت حسین نے سندھ حکومت پر تنقید کی۔ رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ وفاق کی مرضی، مشاورت اور رضا مندی کے بغیر سندھ میں یکطرفہ لاک ڈاؤن کراچی کے منتخب اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کو خاطر میں نہ لانے کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ میرے وزیر اعظم عمران خان نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ہم اس قسم کے غیر منطقی لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں ہیں۔ وفاقی حکومت مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
وفاق کی مرضی، مشاورت اور رضامندی کے بغیر سندھ میں یکطرفہ لاک ڈاؤن کراچی کے منتخب ارکین قومی و صوبائی اسمبلی کو خاطر میں نہ لانے کے مترادف ہے، میرے وزیراعظم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ہم اس طرح کے غیر منطقی لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں @Fereeha @AbtakNews_Urdu pic.twitter.com/BS5dSqjn0Z
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) August 7, 2021
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اپنے عہدے سے مستعفی