مظفر آباد: حکمراں سیاسی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف نے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی 3 مخصوص نشستیں بھی اپنے نام کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد قانون ساز اسمبلی میں بھی مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوا جس میں پی ٹی آئی کی 3 جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی 1، 1 خاتون نے میدان مار لیا۔تینوں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔
جیتنے والی قانون ساز اراکینِ اسمبلی میں سے کوثر تقدیس گیلانی، بیگم امتیاز نسیم اور صبیحہ خاتون کا تعلق تحریکِ انصاف سے جبکہ نبیلہ ایوب ایڈووکیٹ کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نثارن عباسی بھی بلا مقابلہ مخصوص نشست پر رکنِ اسمبلی منتخب ہوئیں۔ قبل ازیں مخصوص نشستوں کیلئے 10 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے، بعد ازاں 5 خواتین نے کاغذات واپس لے لیے۔
آج ہی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 3 مزید مخصوص نشستوں پر علماء و مشائخ اور اوور سیز پاکستانیز کے علاوہ ٹیکنوکریٹ امیدوار کے انتخاب کیلئے الیکشن ہوگا جس کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے۔
قبل ازیں آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)،وزیر اعظم اور اسپیکر کے مشترکہ اُمیدواروں پر متفق ہوگئیں۔
باوثوق ذرائع کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں پارلیمانی تعاون کیلئے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان رابطہ ہوا ہے، دونوں جماعتوں نے آزاد کشمیر اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے تعاون پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی اور ن لیگ،وزیر اعظم اور اسپیکر کے مشترکہ اُمیدواروں پر متفق